اردو ہے جس کا نام ہم ہی جانتے ہیں داغؔ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
گورنمنٹ ڈگری کالج اوڑی کے شعبہ اردو میں آپ کا تہہ دل سے استقبال اور خیر مقدم ہے ۔ اردو زبان کا شمار دنیا کی بڑی اورسب سے زیادہ بولی ، سمجھی اور پڑھی جانے والی زبانوں میں ہوتا ہے ۔ اس زبان کی اپنی ایک مکمل اور شاندار تاریخ ہے ۔ ملکِ ہندوستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو “اردو” محض ایک زبان ہی نہیں بلکہ یہاں کی تہذیب و ثقافت اور تمدن و معاشرت کی ایک تابناک علامت بھی ہے ۔ اس زبان نے یہاں کے باشندگان کو جو سیاسی ، سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، اخلاقی ، تعلیمی اور علمی و ادبی شعور عطا کیا ، اس کا اعتراف ہر خاص و عام کو ہے
مرکزی سرکار کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر ملکِ ہندوستان کا وہ واحد خطہ ہے جہاں اردو زبان کو “سرکای زبان” ہونے کا شرف حاصل ہے ۔سرکاری زبان کا اعزاز حاصل ہونے کے ناطے کم و بیش تمام سرکاری و غیرسرکاری شعبوں میں اس زبان کا استعمال لازمی ہے ، اور بڑی حد تک اس قانون کی پاسداری بھی برقرار ہے۔ہمارا شعبہ بھی اسی عظیم تاریخی روایت کی ایک اہم کڑی ہے ۔اپنی ابتدا سے ہی یہ شعبہ اپنی ذمہ داریوں کو بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ نبھانے کی ہر ممکن کوشش میں منہمک ہے اور یہ سلسلہ یوں ہی آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا (ان شااللہ)۔ یہ اسی کاوش کا ہی نتیجہ ہے کہ اس شعبے سے فارغ التحصیل طلبہ کی ایک بڑی تعداد آج ریاست اور بیرون ریاست کے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں اپنی صلاحیتوں اور ہنر مندیوں کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ اردو زبان و ادب کی تدریس کے اہم مقاصد میں چند ایک ذیل میں درج ہیں
١. لسانی اور ادبی شعور کی ترقی
اس مضمون (اردو) کی درس و تدریس کے اہم مقاصد میں طلبہ میں اردو زبان کی ساخت، رموز و نکات، صرف و نحو، اور ادبی اسالیب کا گہرا شعور پیدا کرنا شامل ہے تاکہ وہ زبان کو علمی و فکری سطح پر سمجھ سکیں
٢. تنقیدی و تحقیقی صلاحیتوں کی آبیاری
ادب کی تنقید، تجزیہ اور تحقیق کی بنیاد پر طلبہ کو فکری طور پر بالغ بنانا دوسرا اہم مقصد ہے تاکہ وہ اردو ادب کے مختلف ادوار، رجحانات، تحریکات اور اصناف کا تنقیدی جائزہ لے سکیں
٣. ادبی ورثے کی تفہیم و ترویج
تیسرا اہم مقصد طلبہ کو اردو کے کلاسیکی اور جدید ادب سے روشناس کرانا ہے، تاکہ وہ اس ادبی سرمائے کو سمجھیں، اس کی قدر کریں اور اس کے فروغ میں کردار ادا کریں
٤. لسانی مہارتوں کی ترقی
طلبہ کی سمعی، گفتاری، قرائتی اور تحریری صلاحیتوں کو بہتر بنانا بھی اس کے اہم مقاصد میں شامل ہے تاکہ وہ علمی، تخلیقی اور پیشہ ورانہ زندگی میں مؤثر انداز میں اردو زبان کا استعمال کر سکیں
٥. ثقافتی و تہذیبی شعور کی بیداری
اردو ادب کے ذریعے طلبہ کو ریاستی ،ملکی اور برصغیر کی تہذیب، ثقافت، روایات اور تاریخی شعور سے آشنا کرنا ایک اور بنیادی مقصد ہے تاکہ ان میں قومی اور انسانی اقدار کی سمجھ پیدا ہو
٦. تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا
طلبہ کو شعر و نثر کی تخلیق، ڈراما نویسی، افسانہ نگاری، کالم نگاری یا صحافتی تحریروں کی جانب راغب کرنا تاکہ ان کی ادبی اور تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں
٧. روزگار کے مواقعے فراہم کرنا
اس مضمون (اردو) کی درس و تدریس کا ایک اہم مقصد طلبہ کو مستقبل کے لیے روزگار کے مواقعے فراہم کرنا بھی ہے تاکہ یہاں سے فارغ ہوکر وہ مختلف سرکاری ، غیرسرکاری اور نجی اداروں میں روزگار حاصل کرنے کے اہل ہوجائیں
اس شعبے کو مزید فعال ، متحرک اور کارآمد بنانے کے لیے ہم آپ کی تجاویز ، اصلاحات اور مفید مشوروں کے حامی ہیں
صدر شعبہ اردو
ڈاکٹر توصیف احمد ڈار
S.NO | BATCH | ENROLMENT |
01 | 2017 | 287 |
02 | 2018 | 270 |
03 | 2019 | 462 |
04 | 2020 | 52 |
05 | 2021 | 107 |